جمعیۃ علماء کا آٹھ رکنی وفد کوکن کا دورہ کرتے ہوئے چپلون پہنچا . سروے کے بعد غریبوں کی باز آباد کاری کا کام بڑے پیمانے پر انجام دیا جائے گا، مولانا حلیم اللہ قاسمی
ممبئی 2 اگست : جمعیۃ علمء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کا آٹھ رکنی وفد مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کی قیادت میں دواؤں کا بڑا ذخیرہ لے کر سیلاب سے متاثرہ چپلون پہنچ گیا ہے، وفد میں نائب صدر مولانا اشتیاق احمد قاسمی، ناظمِ تنظیم مفتی حفیظ اللہ قاسمی، مولانا محمد ذاکر سانبلے ممبرا، ڈاکٹر بدرالدین، اکبر ارشد صدیقی، وسیم طفیل احمد صدیقی، عارف محمد ابراہیم شامل ہیں۔
وفد نے گذشتہ کل پور ا دن مہاڑ اور اطراف کا دورہ کیا اور ان علاقوں کا دورہ مکمل کرنے کے بعد چپلون کے لیے روانہ ہوا۔
مولانا محمد ذاکر سانبلے کی رہبری میں یہ وفد بوقتِ عشاء مہتمم حضرت مولانا محمد عمر دھامسکر کے مشہور و معروف ادارہ مدرسہ تجوید القرآن پیمپلی تعلقہ چپلون پہونچا جہاں وفد نے مولانا محمد عمر اور دیگر اساتذہ کرام سے یہاں کی صورت حال اور سیلاب متاثرین کی تفصیلی معلومات حاصل کی چنانچہ یہ بتایا گیا کہ حالات تو انتہائی ناگفتہ بہ تھے مگر اب سنبھل رہے ہیں ریلیف کاری اور راحت رسانی کے لئے بہت ساری تنظیمیں مسلسل کام میں لگی ہیں البتہ ایک اہم کام یہ ہے کہ سیلاب کی وجہ سےگاڑیاں خراب ہیں جن بیچاروں کاگزر بسرصرف رکشا، وکرم، پیک اپ اور میٹاڈور وغیرہ کی آمدنی پرتھا وہ اب بھی پریشان ہیں انہیں اپنی گاڑیاں دوڑانے کے لیے سامان کے ساتھ ساتھ میکانکس کی بھی ضرورت ہے، نیز چھوٹے موٹے روزگار سےجڑے ہوئے لوگوں کو کام پر کھڑا کرنا بھی ایک اہم مسئلہ ہے، نیز چپلون اور اطراف میں سیلاب کی وجہ سے آئی ہوئی بھیانک تباہی کے سلسلہ میں بھرپور تباہی اور غریبوں کی باز آباد کاری کے عنوان پر بھی تبادلۂ خیال ہوا ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے مولانا محمد عمر اور دیگر رفقاء کرام سے چپلون اور اطراف میں دورہ کی ترتیب کےتعلق سے میٹنگ بھی کی اورمدرسہ تجوید القرآن پیمپلی تعلقہ چپلون کوجمعیۃ علماء مہاراشٹر کی ریلیف کاری کا ایک سینٹر بنانے کی خواہش ظاہر کی جسے مدرسہ کے مہتمم مولانا محمد عمر اور ان کے رفقاء نے بشاشت کے ساتھ قبول کیا اور پھر ترتیب کے مطابق مولانا محمد عمر اور مولانا محمد ذاکر سانبلے جن کا آبائی وطن چپلون ہی ہے؛کی رہنمائی میں یہ قافلہ چپلون اوراطراف کے دورے پر نکل پڑا ہے پیمپلی کےقریب ہی ایک چھوٹی سی آبادی دلوٹنا کا معائنہ کیا گیا حالات دیکھ کر تباہی کا اندازہ لگ گیا گھر بار مخدوش اور کھیتیاں بالکل ویران ہیں، اسی طرح دورہ کرتے ہوئے یہ قافلہ باغ واڑی بستی پہونچا جہاں پینسٹھ گھروں پر مشتمل برادران وطن کی بڑی آبادی ہے ایک گھر کو چھوڑ کر تمام گھروں میں سیلاب کا پانی آگیا تھا جانی نقصان تو نہیں ہوا مگر تین مکانات منہدم ہوگئے۔
الغرض ایک بھیانک صورت حال سے یہ خطہ دوچار ہے . حضرت مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ العالی صدرِ جمعیۃ علماء ہند کے ایماء پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ذمہ داران ہر اعتبار سے اپنی بساط کے بقدر متاثرین کی امداد اور ریلیف کاری کے کاموں جٹ گئے ہیں . نیز حضرت مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ العالی صدرِجمعیۃ علماء ہند کے منشاء کے مطابق علاقہ بھر میں سروے کے بعد غریبوں کی باز آباد کاری کا کام بڑے پیمانے پر انجام دیا جائے گا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں