مالیگاؤں کے سینئر صحافی خیال اثر کو سند اور چاندی کا تمغہ تفویض , شہر کے سرکاری اسپتال کو نمایاں خدمات پر پانچ لاکھ کے انعام کا حقدار قرار دیا گیا
مالیگاؤں (نامہ نگار) کوویڈ 19 کے طوفان بلا خیز پر بندھ باندھنے کے لئے مالیگاؤں کا سرکاری اسپتال بنام سامانیہ روگنالیہ نے بازی مارتے ہوئے ریاستی سطح پر دوسرا مقام حاصل کرکے پانچ لاکھ کے خطیر انعام کا اہل قرار پایا تھا. سرکاری اسپتال کے حصے میں یہ خطیر رقم جب آئی تو کلیان سمیتی اور یہاں اپنی خدمات انجام دینے والے ایم ایل اے اور روزراء کے نمائندوں نے آپس میں گفت و شنید کرتے ہوئے یہ طے کیا کہ جن افراد نے کورونا کے پھیلتے سائے پر قدغن لگانے کے لئے اپنی بےلوث خدمات انجام دی تھیں ان کا اعزاز و اکرام کرتے ہوئے انھیں نہ صرف سند دی جائے بلکہ ان کی خدمت میں چاندی کا تمغہ بھی پیش کیا جائے. مذکورہ کلیان سمیتی کی میٹنگ میں موجودہ رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی کے مقرر کردہ نمائندہ اور معروف سماجی خادم شفیق اینٹی کرپشن بھی بہ نفس نفیس موجود رہے تھے اور ان ہی کی ایماء پر مالیگاؤں کے سرکاری اسپتال میں اپنی بیش بہا خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس, وارڈ بوائے, نرس اور دیگر طبی عملہ کے علاوہ ان صحافیوں کا بھی اعزاز و اکرام کیا گیا جنھوں نے اخبارات کے ذریعے نہ صرف کورونا متاثرین کی رہنمائی کی بلکہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا شہریان کو عندیہ بھی دیا تھا.
ایسے ہی تقریباً 299 افراد کی خدمت میں گزشتہ کل سند اور نقرئی تمغہ پیش کیا گیا. شہری رکن اسمبلی کے نمائندہ خاص شفیق اینٹی کرپشن نے خصوصی طور پر سینئر صحافی خیال اثر کو مدعو کرتے ہوئے ڈاکٹر ہتیس مہالے اور ڈاکٹر یوگیش پاٹل کے ہاتھوں سند اور چاندی کا میڈل تفویض کرتے ہوئے بر ملا اظہار کیا کہ سینئر صحافی خیال اثر نے کورونائی یلغار کے وقت سرکاری اسپتال کا دورہ کرکے روزانہ کی سرگرمیوں کا نہ صرف احاطہ کیا بلکہ ایمان دارانہ صحافت کے ذمہ دارانہ فرائض بھی انجام دیئے تھے. . یہ اپنی نوعیت کا ایک ایسا انوکھا پروگرام قرار پایا جو دیگر افراد کے لئے بھی رہنمائی کے مترادف ثابت ہو سکتا ہے. اس موقع پر نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے شفیق اینٹی کرپشن نے کہا کہ سامانیہ روگنالیہ کے تعلق سے ہمیشہ منفی خبریں زبان زد عام رہا کرتی ہیں لیکن کورونا جیسی خطرناک وبائی بیماری کے ایام میں اور ڈاکٹر مہالے کی تقرری کے بعد اس سرکاری اسپتال نے اپنی فعال اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پوری ریاست میں دوم انعام کا حقدار قرار پاتے ہوئے پانچ لاکھ روپیوں پر مشتمل اعزاز حاصل کیا ہے جو یہ ثابت کرتا ہے کہ مذکورہ سرکاری اسپتال اور یہاں کا طبی عملہ ہمیشہ ہی اپنی فعالیت کو لے کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتا رہا ہے.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں