بھیونڈی میں موسلا دھار بارش سے انسانی زندگی مفلوج , نشیبی علاقہ زیر آب ، سینکڑوں گھروں ، دکانوں اور کارخانوں میں بھرا پانی
بھیونڈی: (نامہ نگار ) اتوار کے روز سے جاری مسلسل موسلا دھار بارش ہونے کی وجہ سے شہر کے نشیبی علاقوں سمیت بیشتر علاقے زیر آب ہوگئے ہیں۔ جس کی وجہ سے سیکڑوں گھروں ، دکانوں اور کارخانوں میں پانی بھر گیا ہے۔ بارش بند نہ ہونے کی وجہ سے شہر سمیت دیہی علاقوں میں زندگی مکمل طور پر درہم برہم ہوگئی ہے۔ بھاجی مارکیٹ میں پانی بھر جانے کی وجہ سے بھاجی مارکیٹ بند کردی گئی ہے۔ شہر سے کھاڑی پار جانے والے دونوں پلوں کے اوپر سے پانی بہہ رہا ہے۔ جس کی وجہ سے دیہی علاقوں سے رابطہ شہر سے منقطع ہوگیا ہے۔ شدید بارش ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع کردی گئی ہے۔ شہر کے متعدد علاقوں میں درخت گرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ غیبی نگر واقع اولیاء مسجد کے قریب درخت گرنے سے دو گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے پہلے سے ہی اطلاع دینے کے باوجود میونسپل انتظامیہ کی جانب سے کوئی تیاری نہیں کی گئی۔ یہاں تک کہ شہریوں کو اس کے بارے میں چوکس رہنے کے لئے کوئی معلومات بھی نہیں دی گئی تھی جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔
اتوار کے روز سے ہورہی موسلادھار بارش کی وجہ سے شیواجی چوک ، برہمن آلی ، بھاجی مارکیٹ ، امبیکا نگر ، کاسر آلی ، کملا ہوٹل اور عیدگاہ روڈ سمیت کئی علاقوں میں تقریباً تین فٹ تک پانی بھرا رہا۔ اسی طرح شہر کے نشیبی علاقہ غیبی نگر ،نائیگاؤں سلامت پورہ، گوپال نگر ، پدما نگر ، ملت نگر ، عام پاڑا ، سوداگر محلہ ، اعظمی نگر ، ندی ناکہ ، شیلار ، میٹ پاڑہ ، کھونی ، کٹئی ، داپوڑہ سمیت بیشتر علاقوں میں پانی بھرا رہا۔ عیدگاہ روڈ اور کامواری ندی کے کنارے مہاڈا کالونی اور سنگم پاڑہ سمیت کئی علاقوں کے سیکڑوں گھروں ، دکانوں اور کارخانوں میں پانی بھر گیا تھا۔ عیدگاہ روڈ کے علاقے میں پانچ سو سے زائد گھروں میں پانی بھر گیا تھا۔ عیدگاہ روڈ کے علاقے میں تقریباً چار فٹ سے زیادہ پانی بھرا رہا۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو اپنا سامان بچانے کے لئے بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گھروں میں پانی بھرنے کی وجہ سے گھروں میں رکھا ہوا شادی کا سامان اور بکریوں کو محفوظ جگہ پر لے جانے کے لئے لوگوں کو ناؤ کا سہارا لینا پڑا۔ یہاں کے شہریوں کے لئے کھانے پینے کے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے تھے۔
کلیان روڈ واقع نرنکاری بھون کے پیچھے ٹیمگھر پاڑہ علاقے میں دو سے تین فٹ پانی بھر گیا تھا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سی سی سڑکوں کی تعمیر کے بعد پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا۔ جس کی وجہ سے سڑکوں پر پانی بھرا رہا۔ ونجارپٹی ناکہ سے اوچت پاڑہ تک سی سی روڈ کے ایک جانب پانی بھرا رہا۔ آگرہ روڈ پر واقع بھیونڈی کورٹ کے سامنے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے اندرا گاندھی سب ضلع اسپتال کے احاطے تک سڑکوں پر پانی بھر گیا تھا۔ جس کی وجہ سے وہاں کے رہائشی علاقے میں متعدد گھروں میں پانی بھر گیا۔ بڑے بڑے دعوے کرنے والے میونسپل ایمرجنسی محکمہ کا کوئی بھی افسر اور ملازم کہیں بھی دور دور تک دکھائی نہیں دئیے جو باعث تثویش ہے ۔وہیں کنزیومرپروٹیکشن کاؤنسل کے بھیونڈی ضلع صدر انجینئر ساجد انصاری سمیت شہر کے بیدار شہریوں نے شہر کو باڑھ میں تبدیل ہونے پر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے غیر فعالیت کا الزام لگایا ہے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں