داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر کے ڈرگ ریکیٹ کے تار بھیونڈی سے جڑے۔
بھیونڈی: (نامہ نگار) انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر کو ممبئی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ذریعے ڈرگ معاملہ میں گرفتار کرکے اسے بھیونڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ عدالت نے انہیں ایک دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔ اس دوران بھیونڈی عدالت کے احاطے میں پولیس کا سخت بندوبست کیا گیا تھا۔ کاسکر کو 26 جون کو تھانہ کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
این سی بی کی ٹیم نے حال ہی میں مخبر کی اطلاع پر ممبئی کے دادر ، چونا بھٹی اور بھیونڈی سے ڈرگس کے اسمگلروں کو گرفتار کرکے 17 کلو کشمیری حشیش اور 4.40 لاکھ روپے نقد برآمد کیا تھا۔ اس گرفتاری کے بعد ایک بڑے ڈرگ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا تھا۔ جو کشمیری حشیش کو پنجاب کے راستے ممبئی لاتے تھے۔ مذکورہ حشیش کے معاملے میں این سی بی نے ممبئی سے پانچ افراد کو گرفتار کرکے جب پورے ڈرگس کے نیٹ ورک کی تفتیش شروع کی تو کئی حیران کن انکشافات ہوئے ہیں۔ اسی دوران بھیونڈی کے پڑگھا واقع ٹول ناکہ کے قریب سے کشمیر کے دو افراد شبیر عثمان شیخ اور نظام الدین احمد تازہ کو حراست میں لے کر جب ان کی تلاشی لی گئی تو ان کے ذریعے سے 12 کلوگرام حشیش برآمد ہوئی ہے۔ سی آر نمبر 158/2021 درج کرکے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
غور طلب ہے کہ منی لانڈرنگ کے سلسلے میں اقبال کاسکر 18 ستمبر 2017 سے تھانہ سینٹرل جیل میں بند تھا۔ اس ضمن میں ایڈوکیٹ جین کواری نے بتایا کہ این سی بی کی ٹیم نے اقبال کاسکر کو جمعہ کے روز دوپہر کے وقت بھیونڈی کی عدالت میں پیش کیا تھا۔ این سی بی نے پیر تک کے لئے پولیس حراست کا مطالبہ کیا تھا لیکن عدالت نے صرف ایک دن کے لئے ہی پولیس حراست کا حکم دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اقبال کاسکر کو 26 جون کو تھانہ کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
این سی بی ذرائع کے مطابق ڈرگ معاملے کی تحقیقات کے دوران این سی بی کو انڈر ورلڈ سے ٹیرر فنڈنگ اور ڈرگس کی فراہمی کے متعلق اہم سراغ ملے ہیں۔ اس سلسلے میں مزید کارروائی کی جارہی ہے۔ غور طلب ہے کہ تفتیش میں موصولہ جانکاری کی بنیاد پر این سی بی نے ممبئی کے کئی مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ پوچھ تاچھ اور ڈرگس کی سپلائی کے تار داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر سے ملے تھے۔ جس کے بعد تھانہ جیل میں قید اقبال کاسکر کو این سی بی نے گرفتار کرلیا ہے۔
این سی بی کے سربراہ سمیر وانکھیڈے ، چنکو پٹھان کے ڈرگ ریکیٹ کا پردہ فاش کرنے میں کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔ این سی بی نے بھیونڈی شہر کے پدما نگر کے ساکن روہت ورما کو بھیونڈی کے ایک جویلرس وکی جین کے ساتھ جنوری 2021 میں گرفتار کیا تھا۔ جس کے بعد 17 جون کو این سی بی کی ٹیم نے پڑگھا ٹول ناکہ کے قریب سے شبیر شیخ اور نظام الدین تازہ کو گرفتار کیا تھا۔ جس کے پاس سے دو بیگ میں 12 کلوگرام حشیش برآمد ہوا تھا جو کشمیر سے بذریعہ موٹر سائیکل پنجاب سے ہوتے ہوئے ممبئی آتے تھے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں