بلدیاتی اداروں میں او بی سی ریزرویشن کے مطالبہ کو لے کر بی جے پی کا احتجاج ، دیویندر فڑنویس گرفتار و رہا.
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مہاراشٹر
یونٹ نے سنیچر کے روز بلدیاتی اداروں میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے لئے ریزرویشن کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاست بھر میں 'چکہ جام' کیا ۔ اس دوران ، دیویندر فڑنویس سمیت بی جے پی کے دیگر کارکنوں کو حراست میں لے کر بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔ پارٹی نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ ریاست بھر میں ایک ہزار مقامات پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر دیویندر فڑنویس نے اپنے آبائی ضلع ناگپور سے احتجاج میں حصہ لیا ، جبکہ قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف پروین ڈیریکر تھانے سے احتجاج میں شامل ہوئے ۔ ان مظاہروں کی وجہ سے ، تھانہ کو ممبئی سے ملانے والی سڑک عارضی طور پر بند ہوگئی تھی۔
دیویندر فڑنویس کو حراست میں لیا گیا اور بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔ پونے میں احتجاج کی قیادت کرنے والی سابق وزیر پنکجا منڈے نے کہا کہ اگر بی جے پی کا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو پارٹی مستقبل میں بڑے مظاہرے کرے گی۔ پنکجا منڈے نے الزام لگایا کہ ریاست میں مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) حکومت او بی سی کے سیاسی ریزرویشن کو برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے۔ منڈے نے کہا ، "حکومت او بی سی ریزرویشن حاصل کرنے میں ناکام ہے ، جو کہ معاشرے کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔"
منڈے نے الزام لگایا کہ جب او بی سی ریزرویشن کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے ، اس وقت ریاستی حکومت نے کوآپریٹو سیکٹر میں ہونے والے انتخابات سمیت مختلف انتخابات ملتوی کردیئے تھے ، اور عدالت کے ریزرویشن کو ختم کرنے کے بعد ہی انتخابات کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کر رہے ہیں کہ او بی سی ریزرویشن کو بحال کیا جائے اور تب تک انتخابات نہیں ہونے چاہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت انتخابات ملتوی کرنے کے لئے ہمارے ساتھ مل کر الیکشن کمیشن سے رجوع کرے ۔ پنکجا منڈے نے کہا کہ اگر او بی سی ریزرویشن کے بغیر انتخابات ہوئے تو ہم اس سے بڑا احتجاج کریں گے۔ یہ 'چکہ جام' صرف ایک ٹریلر ہے۔ بی جے پی کے ایک اور لیڈر اور سابق وزیر مملکت گریش مہاجن اور ایم ایل اے منگل پربھات لوڑھا نے اس معاملے پر ممبئی میں ریاستی سیکریٹریٹ 'منترالیہ' کے باہر احتجاج کیا۔
بی جے پی - شیوسینا حکومت نے 2019 میں بلدیاتی اداروں میں او بی سی کو سیاسی ریزرویشن دیا تھا ، لیکن سپریم کورٹ نے کہا کہ مہاراشٹر میں ، متعلقہ بلدیاتی اداروں میں او بی سی کے لئے ریزرویشن ایس سی ، ایس ٹی کے لئے مخصوص کل نشستوں کا 50 فیصد سے زیادہ ہے۔ اور او بی سی ۔اس سے زیادہ نہیں ہوسکتے ہیں۔ عدالت عظمی نے مہاراشٹر ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی ایکٹ 1961 کے حصہ 12 (2) (سی) کی ترجمانی کی تھی۔ سپریم کورٹ نے او بی سی کے لئے متعلقہ بلدیاتی اداروں میں نشستوں کے ریزرویشن فراہم کرنے کی حدود سے متعلق 2018 اور 2020 میں ریاستی الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کو ایک طرف رکھ دیا تھا۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ یہ ریزرویشن ایم وی اے حکومت کی عدم فعالیت کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔ ریاستی الیکشن کمیشن (ایس ای سی) نے دھولے ، نندوربار ، واشیم ، اکولہ اور ناگپور اضلاع میں ضمنی انتخابات کا اعلان کیا ہے اور 85 ضلع پریشد نشستوں اور 144 پنچایت سمیتی نشستوں کے لئے انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ بی جے پی نے جمعہ کو مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت فوری طور پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں اور اس سے پانچ اضلاع میں ضلع پریشد کی ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کریں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں