دھولیہ شہر کے لئے زائد ریمڈیسیویر انجیکشن فراہم کیا جائے
رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق شاہ نے وزیرصحت راجیش ٹوپے سے ملاقات کی اور مذکورہ تمام امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا
دھولیہ(نامہ نگار ) ریاست میں بڑھتی ہوئی کورونا بیماری کی بنا پر آکسیجن اور وینٹیلیٹر کی کمی کی وجہ سے مریضوں کی اموات کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ شہر میں بھی اسی طرح کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ دھولیہ ضلع کے لئے 200 وینٹیلیٹر بیڈ کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ آکسیجن سے جڑے ہوئے بیڈ اور آکسیجن کے بڑے ذخائر فراہم کئے جانے چاہیئے ۔ ضلع میں قوت مدافعت کے انجیکشن کی کمی ہے وہیں کچھ میڈیکل اسٹور لوگوں سے اضافی رقم لے کر انجیکشن دے رہے ہیں ۔ تاہم حکومت کی ہدایت کے مطابق ایسے میڈیکل پر طے شدہ سے زیادہ قیمت پرانجیکشن بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیئے اور دھولیہ ضلع کے لئے اضافی انجیکشن دستیاب کئے جانےچاہئیے ۔ حکومت کی ہدایت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نجی اسپتالوں میں کورونا مریضوں سے زیادہ چارج وصول کیا جارہا ہے ایسے تمام اسپتالوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور فوری طور پر ہر نجی اسپتال کے باہر سرکاری ریٹ بورڈ آویزاں کئے جانے کی ہدایت جاری کی جانی چاہیئے ۔ اس کے علاوہ ضلع کلکٹر کے دفتر میں ہونے والی میٹنگ میں طے کیا گیا ہے کہ کورونا مریضوں کی ایک بڑی تعداد دھولیہ سول اسپتال میں داخل کی گئی ہے ۔ان مریضوں کے لئے آکسیجن کی کمی محسوس کی جا رہی ہے جسے پورا کرنے کے لئے فوری طور پر وہاں ایک نیا آکسیجن ٹینک فراہم کیا جانا چاہئیے ۔ ضلع سول اسپتال کے ضلعی سرجن ڈاکٹر سانگڑے اپنے کاموں سے لگاتار کوتاہی برت رہے ہیں اس طرح کی مسلسل شکایت موصول ہو رہی ہے اس بنا پر ڈاکٹر سانگڑے کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور ان کی جگہ ایک قابل سرجن معمور کیا جائے۔ اس طرح کا تحریری مطالباتی میمورنڈم رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق شاہ نے براہ راست ریاستی وزیر برائے صحت راجیش ٹوپے سے ان کے مکان پر ملاقات کر کے ان کے سامنے پیش کیا اور اس سلسلے میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔





کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں