مالیگاؤں کی قومی شاہراہ پر ٹریکٹر اور موٹر سائیکل کا تصادم ,
ہولناک حادثہ میں ضعیف العمر اقبال احمد جاں بحق اور کمسن بچی زخمی
مالیگاؤں (نامہ نگار) پھر ایک حادثہ ہوا ایک جان کا اتلاف ہوا. قومی شاہراہ نے ایک ہنستے بستے گھر کو ماتم کرنے پر مجبور کردیا. بتایا جاتا ہے کہ شہر کے مشرقی علاقہ سے گزرنے والی آگرہ روڑ پر اقبال احمد نامی 66 سالہ ضعیف العمر اپنے تین کمسن بچوں سمیت سیر و تفریح کے لئے نکلے تھے. جائے حادثہ کے قریب مڈڈے ہوٹل کے پاس ایک رفتار ٹریکٹر جو غلط سمت چلا آرہا تھا نے اقبال احمد کی موٹر سائیکل کو زبردست ٹکر دے ماری. حادثے کا شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اقبال احمد کا سر دو ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا تھا . ان کے ہمراہ موجود تین کمسن بچوں میں سے ایک چار سالہ بچی شدید زخمی ہوئی ہے جبکہ بقیہ دو بچے بالکل محفوظ رہے. کسی آٹو رکشا والے نے اس حادثے کی اطلاع سماجی خادم شفیق انٹی کرپشن کو بذریعہ فون دی تو انھوں نے فورأ ایمبولنس روانہ کی. دلخراش حادثہ میں بری طرح زخمی اقبال احمد کو مالیگاؤں جنرل اسپتال میں لایا گیا لیکن اس پہلے کہ انھیں طبی امداد فراہم کی جاتی ان کا انتقال ہو گیا. شفیق انٹی کرپشن نے معاونت کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی نقاط کی تکمیل کے لئے اپنی بے لوث خدمات فراہم کی. مرحوم اقبال احمد ابوالضیض ہلال پورہ کے ساکن تھے. فیضی برادران سے قریبی ربط و ضبط ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر سعید فیضی, ڈاکٹر پرویز فیضی, سابق ایم ایل اے, خالد سکندر کے علاوہ دیگر افراد نے اخیر وقت تک اپنی معاونت پیش کی. تمام تر قانونی نقاط کی تکمیل کے دوران شفیق انٹی کرپشن نے شوشل میڈیا کے ذریعے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریان ایسے مقامات پر جانے سے حد درجہ محتاط رہیں.


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں