مالیگاؤں : شراون ماڑی نامی حولدار پانچ ہزار رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
مالیگاؤں : آج ہندوستانی معاشرہ میں رشوت ستانی کا بازار گرم ہے. مالیگاؤں شہر بھی اس سے مبرا نہیں رہا. نچلے طبقہ سے لے کر اعلی آفسیران بھی رشوت خوری میں ملوث ہیں. عصری تعلیم گاہوں سے لے کر قانون و عدلیہ کے علاوہ میونسپل آفسیران بھی معمولی کاموں کی انجام دہی کے لئے ببانگ دہل رشوت طلب کرتے نظر آرہے ہیں. نئے سال کی آمد کو ایک ماہ ہی گزرا تھا کہ ایم ایچ بی کالونی عائشہ نگر پولیس اسٹیشن کے قریب ایک عام شاہراہ پر ایک پولیس حولدار شراون ماڑی کو پانچ ہزار روپیے رشوت لیتے ہوئے محمکہ انسداد رشوت ستانی ناسک نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے. تفصیلات کے مطابق کسی مقدمے میں ملوث ملزم کی مدد کرتے ہوئے اس کی رہائی کے لئے ملزم کے بھائی سے مذکورہ پولیس حولدار شراون ماڑی نے پانچ ہزار روپیے رشوت طلب کی تھی جبکہ ملزم کے بھائی کا یہ کہنا تھا کہ اس کا بھائی بے قصور ہے اور وہ انتہائی مفلوک الحال ہے حولدار ماڑی کے بےجا دباؤ سے مجبور ہو کر ملزم کے بھائی نے ناسک کے محکمہ انسداد رشوت ستانی سے رابطہ قائم کرتے ہوئے سارا واقعہ بتایا تب آفیسران نے منصوبہ بند طریقے سے شروان ماڑی نامی رشوت خور حولدار کو مصروف شاہراہ پر پر بلا کر پانچ ہزار روپیہ دینے کا پروگرام طے کیا اور یہیں رنگے ہاتھوں اسے گرفتار بھی کیا گیا. اس گرفتاری پر مزید کاروائی اور تفصیلات تادم تحریر سامنے نہیں آئی ہیں.


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں