نوی ممبئی میں آن لائن فراڈ کے متعدد معاملات ، کرپٹو سرمایہ کاری کے نام پر 72 لاکھ سے زائد کی ٹھگی
نوی ممبئی : نوی ممبئی اور ملحقہ علاقوں سے آن لائن سرمایہ کاری اور جعل سازی کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں کروڑوں روپئے کے نقصان کی اطلاعات ہیں۔ پولیس نے ان معاملات میں نامعلوم ملزمان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت معاملات درج کیے ہیں۔
ایک بڑے معاملے میں نوی ممبئی کے بیلاپور علاقے میں رہنے والے 56 سالہ لون کنسلٹنٹ کو کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کے نام پر 72 لاکھ 70 ہزار روپئے سے محروم کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے متاثرہ شخص سے رابطہ قائم کر کے یو ایس ڈی ٹی نامی کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری پر بھاری منافع کا لالچ دیا۔ اعتماد حاصل کرنے کے بعد ملزمان نے مئی 2024 سے دسمبر 2025 کے دوران مختلف آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے مخصوص بینک کھاتوں میں بڑی رقوم منتقل کروائیں۔ جب حسب وعدہ منافع نہیں ملا اور سرمایہ کاری پلیٹ فارمز تک رسائی بند ہو گئی تو متاثرہ شخص کو فراڈ کا احساس ہوا، جس کے بعد اس نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔
شکایت کی بنیاد پر پولیس نے اتوار کو پانچ نامعلوم افراد اور تین ویب پلیٹ فارمز کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 318(4) دھوکہ دہی، دفعہ 319(2) جعل سازی کے ذریعے دھوکہ دہی اور دفعہ 3(5) مشترکہ نیت کے تحت معاملہ درج کیا ہے، ساتھ ہی انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
ایک اور واقعہ میں نوی ممبئی کے ایک ایچ آر منیجر کو آن لائن شیئر ٹریڈنگ کے فراڈ میں 36 لاکھ 74 ہزار روپئے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ نیرول پولیس اسٹیشن کے ایک افسر کے مطابق متاثرہ شخص سے ایک خاتون نے رابطہ کیا، جس نے خود کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ میں رجسٹرڈ کمپنی کی نمائندہ بتایا۔ بعد ازاں اسے ایک واٹس ایپ گروپ میں شامل کیا گیا جہاں شیئر ٹریڈنگ کے ذریعے بھاری منافع کا وعدہ کیا گیا۔
متاثرہ شخص کو ایک لنک ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے کہا گیا اور ابتدائی طور پر 50 ہزار روپئے منافع کے طور پر موصول ہوئے، جس سے اس کا اعتماد مزید بڑھ گیا۔ اگست سے ستمبر 2025 کے دوران اس نے مجموعی طور پر 36 لاکھ 74 ہزار روپئے سرمایہ کاری کی، تاہم جب وہ منافع کی رقم نکالنے میں ناکام رہا تو اسے دھوکہ دہی کا احساس ہوا۔ پولیس نے اس معاملے میں بھی نامعلوم افراد کے خلاف مختلف جرائم کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں