عید الفطر کے پُر مسرت موقع پر
عالم اسلام کی خدمت میں صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر کا پیغام
آج ایک بار پھر عید الفطر نے پوری شان وشوکت کے ساتھ اپنے دامن میں خوشیاں اور مسرتیں سمیٹے ہوئے عالم اسلام کی چوکھٹ پر دستک دی ہے۔عید اپنے اندر بے پناہ خوشیاں اور مسرتیں اور امن وسلامتی کا پیغام لے کر آتی ہے ، لیکن اس وقت فلسطین بڑے ہی کربناک دور سے گزر رہا ہے ، اسرائیلی حملوں سےمسلمانوں کے خون سے لالہ زار ہے ،یتیم ہوتے ہوئے بچے ،بیوہ ہوتی ہوئی خواتین ملت ،بے سہارا ہوتے ہوئے ضعیف وکمزور والدین ،پابند سلاسل ہوتے ہوئے بے گناہ نوجوان ،خواتین کی عزتوں اور عصمتوں کی پامالی کی وحشت ناک داستانیں ،جائداد واملاک کی تباہی وبربادی کی المناک تصویریں ، مسمار ہوتی ہوئیں مساجد وعبادت گاہیں،قوم وملت پر دہشت گردی کے چھائے ہولناک و مہیب سائے، سسکتی کراہتی بلکتی امت محمدیہ، یہودی شکنجے سے آزادی کی منتظر مسجد اقصیٰ ۔
فلسطینی مسلمانوں کی جان ومال کی حفاظت کی دعاءکرتے ہوئے ہم اپنے دل پر پتھر کی بھاری سل رکھ کر عید کی مبارکباد ان کلمات کے ساتھ دے رہے ہیں.
’’ تَقَبَّلَ اللّٰہُ مِنَّا وَمِنْکُمْ وَصَالِحَ اَعْمَالَکُمْ‘‘
اللہ تعالیٰ ہمارے سارے نیک وصالح اعمال کے ساتھ ہماری اور آپ تمام لوگوں کی جانب سے شرف قبولیت سے نوازے ۔آمین.
اس وقت عالم اسلام کے ساتھ ہمارے وطن عزیزمیں بھی فرقہ پرستی کازہر سے سرایت کرتاجارہاہے اس کے تریاق کے لئے ہمیں حالیہ پارلیمانی الیکشن 2024ء میں اپنے جمہوری حق کااستعمال کرتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں کودور رکھناہوگا اور ووٹنگ فیصد میں اضافہ اور بیداری پیدا کرکے ملک کے آئین کی حفاظت کرناہوگی ، اللہ تعالی ہماری کوششوں کوملک وملت کے لئے ثمرآور بنائے۔آمین
الحمدللہ صوبائی جمعیت اہلحدیث مہاراشٹر نئے عزم اور حوصلوں کے ساتھ اپنی نشاطات اور کارگزاریوں کے میدان میں دینی،دعوتی، تعلیمی، فلاحی، اورتربیتی سرگرمیوں کے ساتھ مصروف عمل ہے ،عید الفطر کے اس پر مسرت موقع پر جمعیت اپنے بچوں، نوجوانوں، بزرگوں اور عفت مآب اسلامی ماؤں اور بہنوں کی خدمت میںپر خلوص مبارکباد پیش کرتی ہے ،اس پیغام کے ساتھ کہ آپ جماعت وجمعیت کا قیمتی سرمایہ ہیں، آپ جماعتی سرگرمیوں کا حصہ بنیں ،جماعت سے وابستگی کو اپنا نصب العین بنائیں ، اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں ،ملک وملت اور جماعت کیلئے مضر و نقصاندہ عناصر سے محفوظ رہیں شر پسندوں کی سازشوں کا شکار نہ بنیں ، اپنے ملک کی ترقی کیلئے مؤثر کردار ادا کریں ،عمومی طور سے عالم اسلام کیلئے اور بالخصوص اپنی جمعیت کی خیر و بھلائی کیلئے دعائیں کریں ۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کی حفاظت فرمائے ،عالم اسلام کو ظالموں اور دشمنوں کے شر سے محفوظ کرے ،امت میں اتحاد و اتفاق پیدا فرمائے ، دنیا سےدہشت گردی کا خاتمہ فرمائے ۔ آمین
ڈاکٹر سعید احمد فیضی
امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر ۔ حافظ عنایت اللّٰہ محمدی
ناظم اعلٰی صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر۔
وجملہ ذمے داران وارکان عاملہ صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں