قرآن سے سے وابستگی دونوں جہاں میں کامیابی کا ذریعہ
تکمیل حفظ قرآن کریم کی تقریب سے حضرت مولانا قمرالزماں الہ آبادی کا خطاب
مؤرخہ ۱۵؍جنوری ۲۰۲۳ بروز اتوار بعد نماز عشاء فوراً مسجد نعمانی معہد ملت میں تکمیل حفظ قرآن کریم کی بابرکت تقریب حضرت مولانا سعید احمد ملّی قاسمی صاحب (صدرالمدرسین معہدملت) کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت معہد ملت کے شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملّی قاسمی صاحب نے فرمائی، مفتی مجتبیٰ ثاقب ملی کی تلاوت اور حافظ محمد توصیف عکرمی کی نعت سے اس تقریب کا آغاز ہوا، حافظ محمد عبداللہ عکرمی نے قرآن پاک سے متعلق نظم پیش کی، اس موقع پر معہد ملت کے استاذ مولانا زبیر احمد ندیمی صاحب نے پروگرام کے اغراض ومقاصد بیان کئے، اور معہد ملت کی موجودہ تعلیمی وتربیتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی، انہوں نے بتایا کہ حضرت مولانا عبدالحمید نعمانی ؒ نے ۱۹۵۳ میں جس محفل ِ دین وشریعت کو معہدملت کی شکل میں قائم فرمایا، آج وہ صرف ایک دینی ادارہ نہیں بلکہ ایک تحریک کی شکل میں قائم ہے، اس ادارے کو حضرت مولانا محمد حنیف ملیؒ اور حضرت مولانا قاضی عبدالاحد ازہری صاحب دامت برکاتہم نے آگے بڑھایا، فی الوقت حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کے دور اہتمام میں معہد ملت تعلیم وتربیت اور تصوف وسلوک کے لحاظ سے آگے بڑھ رہا ہے۔
ابتدائی خطاب معہد ملت کے مہتمم حضر ت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے فرمایا، انہوں نے کہا کہ معہد ملت وہ بافیض ادارہ ہے جس کے فیض یافتہ علمائے کرام پورے ملک میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ آج معہدملت کے انیس طلبہ تکمیل حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کررہے ہیں، اس نسبت سے یہ تقریب منعقد کی گئی ہے، معہد ملت کے لئے یہ شرف کی بات ہے کہ اس موقع پر صاحب نسبت بزرگ حضرت مولانا قمرالزماں صاحب الہ آبادی دامت برکاتہم اس تقریب میں تشریف فرما ہیں، اپنے خطاب میں انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اہل علم کو چاہئے کہ وہ قرآن پاک کو اوڑھنا بچھونا بنالیں، اور رات کی تنہائیوں میں قرآن پاک کی تلاوت کریں،اسی طرح اپنے آپ کو تنہائی کے گناہوں سے بچائیں تاکہ قرآن ان کے حق میں حجت بنے، انہوں نے بتایا کہ قرآن پاک قوموں کی تبدیلی اور انقلاب کا ذریعہ ہے، اس کے ذریعہ انسانوں کے افکار وخیالات تبدیل ہوتے ہیں، ملک کے موجودہ مشکل حالات میں مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ قرآن پاک سے اپنا تعلق مضبوط کریں، اس کے احکام کو سمجھ کر اپنی زندگیوں میں نافذ کریں۔ مولانا محترم نے اخیر میں تکمیل حفظ کرنے والے طلبہ اور اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس کامیابی کے حصول میں شعبہ حفظ کے اساتذہ کرام کی محنت وجدوجہد شامل ہے۔ اخیر میں مہمان مکرم شیخ المشائخ حضرت مولانا قمرالزماں صاحب الہ آبادی کا نصیحت آمیز خطاب ہوا۔ اپنے خطاب میں حضرت والا نے قرآن کریم کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم اس کتاب سے وابستہ ہوجائیں تو اس کے ذریعہ ہمارے اقوال ، افعال اور احوال ٹھیک ہوسکتے ہیں، انہوں نے تلاوت قرآن پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ قرآن پاک کی تلاوت ہر حال میں مفید ہے، خواہ اس کو ہم سمجھ کر پڑھیں یا بغیر سمجھے ، مولانا محترم نے اس موقع پر بزرگان دین اور اللہ والوں کی صحبت اختیار کرنے کی تلقین کی اور بزرگوں کے واقعات کے حوالے سے بتایا کہ اللہ والوں کی نسبت بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے معہد ملت میں اپنی حاضری پر دلی مسرت پر اظہار فرمایا اور حفاظ کرام کو مبارکباد پیش کی۔
صدر اجلاس حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملی قاسمی صاحب نے اس موقع پر مختصر ناصحانہ کلمات ارشاد فرمائے اور علمائے کرام کو مشورہ دیا کہ وہ درس قرآن کی مجالس منعقد کریں اور خدمت قرآن سے وابستہ ہوجائیں ، انہوں نے بتایا کہ جو لوگ درس قرآن کی خدمت انجام دیتے ہیں ، قرآن کریم کا فیض سب سے پہلے ان کو حاصل ہوتا ہے۔ مولانا محترم نے حاضرین سے کہا کہ وہ قرآن پاک پڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کو سمجھیں اور اس پر عمل کرکے قرآن پاک کے پیغام کو دوسروں تک پہنچائیں تاکہ قرآن کریم کی خیروبرکت ہمیں حاصل ہو ۔
اس پروگرام میں معہد ملت کے تمام اساتذہ وطلبہ، معہد کی شاخوں سے تشریف لائے ملی فضلاء اسی طرح حضرت مولانا محترم کے مریدین ومتوسلین اور معہد سے لگاؤ رکھنے والے عوام وخواص بڑی تعداد میں شریک ہوئے، اسٹیج پر مولانا نعیم الظفرملی ندوی، مولانا محمد یحیی نعمانی(راحتہ) مولانا شکیل احمد قاسمی(دھولیہ) مولانامحمد حسن ملی ندوی (مجرے باڑی) مولانا مختار احمد ملی ندوی (پاچورہ) حافظ رفیق احمد ملی (بھساول) قاری صلاح الدین بارڈولی ، حافظ مسعود الرحمن محفوظ ، مولانا سعیدا حمد ملی قاسمی(سابق امام نئی مسجد) اسی طرح حضرت مولاناقمرالزماں صاحب کے فرزندان مولانا عزیزاحمد قاسمی صاحب، مولانا عبداللہ قاسمی صاحب، مولانا محمد محبوب ندوی صاحب اسٹیج پر موجود تھے۔ نظامت کے فرائض مفتی حسنین محفوظ نعمانی صاحب نے انجام دیئے۔ حضرت مولانا قمرالزماں کی دعا پر جلسے کا اختتام ہوا۔
ش۔ن۔الف۔ معہد ملت،مالیگاؤں
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں