تیرا بھی سر تن سے جدا ہوگا: سپریم کورٹ کے وکیل ونیت جندل کو ملی دھمکی
سپریم کورٹ کے وکیل ونیت جندل کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ان کے گھر کسی نے خط بھیجا ہے، جس پر ان کا سر تن سے جدا کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ انہوں نے اپنی اور اپنے خاندان کی جان کو خطرہ بتاتے ہوئے پولیس میں شکایت کی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ونیت نے اجمیر درگاہ کے خادم سرور چشتی کے بیٹے عادل چشتی کے خلاف پولیس میں شکایت دی تھی اور ان پر ہندو دیوتاؤں کی توہین کا الزام لگایا تھا۔
جندل نے منگل کی رات ٹوئیٹ کیا، ’’آج جہادیوں نے میرا بھی سر تن سے جدا کرنے کی دھمکی دی ہے۔ میرے گھر یہ خط بھیجا گیا ہے۔ میری اور میرے خاندان کی جان کو خطرہ ہے۔ دہلی پولیس پہلے ہی اس بات کو قبول کر چکی ہے۔ سی پی دہلی اور ڈی سی پی نارتھ ویسٹ سے درخواست ہے کہ اس پر کاروائی کریں ۔ انہوں نے ٹوئیٹ کے ساتھ ایک کاغذ بھی شیئر کیا ہے، جس پر لکھا ہے، ’’اللہ کا پیغام ہے ونیت جندل تیرا بھی سر تن سے جدا کریں گے جلد ہی‘‘۔
سپریم کورٹ کے وکیل ونیت جندل کو پہلے ہی ملکی اور غیر ملکی نمبروں سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اجمیر درگاہ کے خادم عادل چشتی کے خلاف دہلی پولیس کو شکایت دی تھی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ انہیں اسی معاملے کو لے کر دھمکی دی گئی ہے۔ تاہم، دہلی پولیس ابھی بھی معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ونیت کو کس نے اور کیوں دھمکی دی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں