src='https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2927126055114474'/> جاگنگ ٹریک، پانی پٹی اور حکومتی فنڈ میں ناانصافی کے مدعے پر کارپوریشن کے جوابات، متحدہ محاذ سے احتجاج نہ کرنے کی درخواست - مہاراشٹر نامہ

Breaking

Home Top Ad

Responsive Ads Here

Post Top Ad

Responsive Ads Here

بدھ، 1 جون، 2022

جاگنگ ٹریک، پانی پٹی اور حکومتی فنڈ میں ناانصافی کے مدعے پر کارپوریشن کے جوابات، متحدہ محاذ سے احتجاج نہ کرنے کی درخواست




جاگنگ ٹریک، پانی پٹی اور حکومتی فنڈ میں ناانصافی کے مدعے پر کارپوریشن کے جوابات، متحدہ محاذ سے احتجاج نہ کرنے کی درخواست




ہم کارپوریشن کے جوابات سے مطمئن نہیں، جنرل بورڈ میٹنگ کے بعد مطالبات دوبارہ اٹھائے جائینگے: مستقیم ڈگنیٹی




مالیگاؤں : گذشتہ ہفتے متحدہ محاذ (مہاگٹھ بندھن آگاڑی) کی گٹ نیتا اور صدر جنتادل سیکولر شان ہند نہال احمد اور متحدہ محاذ کے دیگر کارپوریٹروں کی جانب سے حکومتی فنڈ کی تقسیم، عیدگاہ جاگنگ ٹریک اور پانی پٹی سمیت اہم مدعوں پر پانچ مطالبات کارپوریشن سے کیے گئے تھے- مطالبات نہ منظور ہونے کی صورت میں 2 جون سے عوامی احتجاج کرنے کا الٹی میٹم بھی کارپوریشن کمشنر کو دیا گیا تھا- جسکے چلتے کارپوریشن نے ان پانچ مطالبات پر اپنے جوابات پیش کیے ہیں اور متحدہ محاذ سے کسی بھی طرح کے احتجاج نہ کرنے کی درخواست کی ہے- مذکورہ جوابات کی کاپی ایڈیشنل کمشنر گنیش گیری نے کل کارپوریٹر محمد مستقیم ڈگنیٹی اور کارپوریٹر ساجد عبدالرشید کو فراہم کی-


اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کارپوریٹر مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ ریاستی حکومت اور کارپوریشن کے 100 کروڑ فنڈ سے ہونے والے 22 کاموں میں سے سینٹرل حلقہ میں صرف 7 کروڑ کے کاموں کو منظوری دی گئی ہے- ہم نے فنڈ کی تقسیم میں سینٹرل حلقہ کی عوام کیساتھ ہورہی ناانصافی کی نشاندہی کرتے ہوئے تمام 22 کاموں کو نامنظور کرنے اور کارپوریشن کے حصے کا فنڈ نہ دینے کی مانگ کی تھی- جواب میں کارپوریشن کا کہنا ہے کہ مذکورہ کاموں کا ٹھراؤ پاس کیا گیا ہے اسلیے انہیں رد نہیں کیا جاسکتا- مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ چونکہ ان کاموں کا ٹھراؤ میئر طاہرہ شیخ رشید کی سفارش پر کیا گیا تھا اس لیے میئر اس معاملے میں اپنے اختیارات کا استعمال کرکے انہیں رد کروایں- عیدگاہ جاگنگ ٹریک معاملے میں بھی ہم نے کارپوریشن سے جاگنگ ٹریک کا کام بند کروانے کا مطالبہ کیا تھا- لیکن کارپوریشن اس مسئلے سے بھی اپنا پلہ جھاڑنا چاہ رہی ہے یہ کہہ کرکہ عیدگاہ کے اطراف کی جگہ کارپوریشن کی ملکیت نہیں ہے-


مستقیم ڈگنیٹی نے مزید کہا کہ ہمارا ایک مطالبہ یہ تھا کہ شہر میں صاف صفائی اور جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کے لیے پرائیویٹ کمپنی کو دیا گیا ٹھیکہ رد کیا جائے کیونکہ شہر میں جگہ جگہ گندگی کا انبار لگا ہوا ہے اور شہریان مچھروں سے پریشان ہیں- اس مسئلے پر کارپوریشن نے یقین دلایا ہیکہ ٹھیکیدار کو ایک آخری نوٹس دی جائیگی- اگر کام کاج میں سدھار نہیں ہوتا تو ٹھیکہ رد کردیا جائیگا، ایسا تیقن بھی کارپوریشن کی جانب سے دیا گیا ہے- اسکے علاوہ شہید عبدالحمید روڈ (کسمبا روڈ) اور آگرہ روڈ کی غیر معیاری تعمیر کے مدعے پر کارپوریشن نے جواب دیا ہیکہ وقت وقت پر دونوں کاموں کی جانچ کی جارہی ہے- جس لمبائی اور چوڑائی کی روڈ تعمیر کی جائیگی، اسکے مطابق ہی بل بنایا جائیگا- اگر کام غیر معیاری پایا گیا تو ٹھیکیدار پر کاروائی ضرور ہوگی-


پانی پٹی میں ہر سال پانچ فیصد کا اضافہ کیا جارہا ہے- متحدہ محاذ کا مطالبہ تھا کہ اس اضافے پر روک لگائی جائے تاکہ شہریان کو کچھ راحت ملے- لیکن کارپوریشن کا کہنا ہیکہ ایسا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ پانی فراہمی کے کام میں آمدنی و خرچ میں بڑا فرق ہے- اس پر مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ اگر کارپوریشن گرنا ڈیم سے زیادہ پانی حاصل کرے تو آمدنی و خرچ کے فرق کو کم کر برابر میں لایا جاسکتا ہے- لیکن کارپوریشن گرنا ڈیم سے کم پانی لیتی ہے جو مفت حاصل ہوتا ہے، اور چنکا پور ڈیم سے زیادہ پانی حاصل کیا جاتا ہے جس کا خرچ بھی زیادہ ہے-


مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ کارپوریشن کے جوابات سے ہم مطمئن نہیں ہیں- لیکن چونکہ 2 جون کو جنرل بورڈ کی میٹنگ ہے، عوامی احتجاج کو وقتی طور پر ملتوی کیے جانے کا فیصلہ لیا گیا ہے- لیکن ہم ان مطالبات پر نرمی نہیں برتیں گے- جنرل بورڈ کی میٹنگ کے بعد دوبارہ ان مطالبات کو کارپوریشن کمشنر کے سامنے رکھا جائیگا اور ضروری کروائی کے لئے دباؤ بنایا جائیگا- اطمینان بخش کاروائی نہ ہونے کی صورت میں ہم کارپوریشن کے خلاف سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے-

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages