نپور شرما نے بھیونڈی پولیس کے سامنے پیش ہونے کے لیے مانگا وقت۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی معطل ترجمان نپور شرما کے مبینہ قابل اعتراض ریمارکس کے معاملے میں مہاراشٹر کی بھیونڈی پولیس نے انہیں پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیا تھا۔ معلومات دیتے ہوئے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ نپور نے اس کے لیے پولیس سے وقت مانگا ہے۔ سینئر افسر نے کہا کہ شرما کو وقت دے دیا گیا ہے اور وہ پیر کو بھیونڈی پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بھیونڈی پولیس نے 30 مئی کو رضا اکیڈمی کے ایک نمائندے کی شکایت کے بعد نپور کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ نپور نے مبینہ طور پر ایک نیوز چینل پر بحث کے دوران پیغمبر اسلام محمد کے خلاف قابل اعتراض بیان دیا تھا۔ نپور کے علاوہ بی جے پی کے سابق کارکن نوین کمار جندل کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بھیونڈی پولیس نے جندل سے کہا تھا کہ وہ 15 جون کو پیغمبر اسلام کے خلاف ان کے مبینہ متنازعہ ٹوئیٹ پر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کا کہا تھا۔
دریں اثناء، بھیونڈی شہر میں پولیس نے اتوار کو ایک 19 سالہ مسلم شخص کو مبینہ طور پر پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کرنے اور نپور شرما کے مبینہ متنازعہ ریمارکس کی حمایت کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔ بھیونڈی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (زون-II) یوگیش چوہان نے اتوار کی رات کو بتایا کہ اس شخص نے معافی مانگ لی ہے۔ اس کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
چوہان نے شہر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس کی مدد کریں۔ تھانے میں ممبرا پولیس نے نپور شرما کو 22 جون کو ان کے سامنے پیش ہونے اور ان کے ریمارکس پر اپنا بیان ریکارڈ کرنے کو کہا ہے۔ ساتھ ہی ممبئی پولیس نے بھی انہیں 25 جون کو اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا ہے۔
پولیس نے متعلقہ نیوز چینل سے اس بحث کی ویڈیو بھی طلب کی ہے جس میں تبصرے پر تنازعہ شروع ہوا تھا۔ اہم بات یہ ہے کہ ملک اور دنیا کے کئی حصوں میں پیغمبر اسلام کے بارے میں متنازعہ تبصرے کے بعد بی جے پی نے نپور شرما کو معطل کر دیا اور جندل کو 5 جون کو پارٹی سے نکال دیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں