ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کے خلاف دوسرا غیر ضمانتی وارنٹ جاری،
کسی بھی وقت ہو سکتی ہے گرفتاری۔
وزارت داخلہ کے ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق بیڑ کی پرلی ڈسٹرکٹ کورٹ نے ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کے خلاف ایک اور غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔ راج ٹھاکرے کے خلاف یہ دوسرا ناقابل ضمانت وارنٹ ہے، اس سے پہلے 6 اپریل کو سانگلی کی عدالت بھی ٹھاکرے کے خلاف وارنٹ جاری کر چکی ہے۔ یہ غیر ضمانتی وارنٹ 2008 کے ایک کیس میں جاری کیا گیا تھا، جس میں ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 143، 109، 117 اور بمبئی پولیس ایکٹ کی دفعہ 135 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے جنہوں نے لاؤڈ اسپیکر تنازعہ کے معاملے میں مہاراشٹر کی اگھاڑی حکومت کو الٹی میٹم دیا تھا، انہیں کسی بھی وقت گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ دراصل گزشتہ کچھ دنوں سے راج ٹھاکرے تمام مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کو لے کر بحث میں ہیں۔
مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے لاؤڈ اسپیکر کے بارے میں کہا ہے کہ اگر 3 مئی تک مساجد پر نصب لاؤڈ اسپیکر نہیں ہٹائے گئے تو جیسے کو تیسا جواب دیا جائے گا۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے لیے یہ دھمکی گلے کا پھانس بنتی دکھائی دے رہی ہے۔ دراصل، ممبئی کی مساجد میں غیر قانونی طور پر نصب لاؤڈ اسپیکرز کو ہٹانے کا مطالبہ سب سے پہلے بی جے پی لیڈروں نے اٹھایا تھا، لیکن گزشتہ ہفتے راج ٹھاکرے نے اسے مکمل طور پر ہتھیالیا ہے۔
مسجد کے لاؤڈ اسپیکر کو ہٹانے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ہمیں نماز کے لیے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی کیا ضرورت ہے؟ گھر پر پڑھیں۔ آپ کی عبادت ہے آپ ہمیں کیوں سنا رہے ہیں؟ اگر ان کو ہماری بات سمجھ میں نہیں آتی ہے تو آپ کی مسجد کے سامنے ہنومان چالیسہ بجائی جائے گی۔ ہم ریاستی حکومت سے کہتے ہیں کہ ہم اس معاملے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ آپ کو جو کرنا ہے کرو۔





کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں