سکندرآباد کے ایک گودام میں خطرناک آگ, بہارکے 11مزدور زندہ جل کر ہلاک،
مہلوکین کے ورثاء کیلئے پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان
حیدرآباد, 23مارچ : تلنگانہ کے سکندرآباد علاقہ میں ایک اسکراپ کے گودام میں خطرناک آگ لگنے کے واقعہ میں 11 افراد زندہ جل کر ہلاک ہوگئے۔ سکندرآباد کے بھوئی گوڑہ میں واقع گودام میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے بدھ کی صبح تین بجے کے قریب اچانک آگ بھڑک اٹھی جس میں 11 افراد زندہ جل کر ہلاک ہوگئے۔بتایا گیا ہے گودام میں 12 افراد سو رہے تھے ان میں سے ایک شخص زندہ بچ نکلنے میں کامیاب ہواجبکہ11 زندہ جل گئے۔پولیس اور فائر بریگیڈ کو آگ کو بجھانے کے لئے کئی گھنٹوں کا وقت لگا 5 فائر بریگیڈس کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔حکام نے بتایا کہ اس واقعہ میں 11افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ان میں سے کچھ آگ میں جل گئے، جب کہ بعض کی دم گھٹنے سے موت ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ تمام مرنے والے بہار کے مہاجر مزدور تھے۔ مرنے والوں کی شناخت بٹو، سکندر، دامودر، ستیندر، چنٹو، دنیش، راجیش، راجو، دیپک اور پنکج کے طور پر ہوئی ہے۔مزید کی شناخت باقی ہے۔تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ نے سکندرآباد میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں بہار کے مزدوروں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔انھوں نے آتشزدگی میں مرنے والوں کے خاندانوں کے لئے فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔وزیراعلی نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ اس واقعہ میں ہلاک بہار کے مزدوروں کی لاشوں کی ا ن کے آبائی مقامات واپسی کے انتظامات کریں۔وزیراعلی کی ہدایت کے ساتھ ہی چیف سکریٹری سومیش کمار کے ساتھ ساتھ وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو اورکمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند مقام واقعہ پر پہنچ گئے۔سرینواس یادو نے اس واقعہ کے مہلوکین کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیااور ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کروائی۔سومیش کمار نے اس واقعہ کو افسوسناک قراردیا۔کمشنر پولیس حیدرآباد نے کہا کہ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا کہ بجلی کے سوئچ بورڈ میں شارٹ سرکٹ اس واقعہ کی اہم وجہ ہے۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس گودام میں آگ پر قابو پانے کیلئے کوئی مناسب اقدامات نہیں کئے گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ مہلوکین کا تعلق بہار کے چھپرا سے ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں