یوپی میں بی جے پی نے اپنا دل، نشاد پارٹی کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا
نئی دہلی، 19 جنوری : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں اپنی اتحادی جماعتوں اپنا دل اور نشاد پارٹی کے ساتھ اتحاد کا باضابطہ اعلان کر دیا بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا نے بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں اس پرمہر ثبت کر تے ہوئے کہا اترپردیش میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) اپنے اتحادیوں، اپنا دل اور نشاد پارٹی کے ساتھ مل کر ریاست کی تمام 403 سیٹوں پر اسمبلی انتخابات لڑے گی۔
اس اعلان کے وقت اپنا دل لیڈر اور مرکزی وزیر انوپریہ پٹیل اور نشاد پارٹی کے صدر سنجے نشاد بھی مسٹر نڈا کے ساتھ موجود تھے۔
تاہم مسٹر نڈا نے یہ نہیں بتایا کہ کون سی پارٹی کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں میں اپنا دل اور نشاد پارٹی کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی اور اس کے بعد سیٹوں کے سلسلے میں فیصلہ ہوا ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت اور پانچ برسوں کی اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں ڈبل انجن والی حکومت نے ترقی میں ایک نئی چھلانگ لگائی ہے اور ریاست کی ترقی کو تیز رفتار سے آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اتر پردیش میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مواصلات ، تعلیم، صحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں کافی کام ہوا ہے اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں