گاندھی کا ہندوستان گوڈسے کے ہندوستان میں بدل رہا ہے : محبوبہ
نئی دہلی، 7 دسمبر : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے منگل کے روزمرکزی حکومت کوہدف تنقید بنا تے ہوئے کہا کہ ’گاندھی کا ہندوستان گوڈسے کے ہندوستان‘ میں بدل رہا ہے۔
جموں و کشمیرکی سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک تجربہ گاہ تھی اورریاست میں جوکچھ ہوا ، وہ پورے ملک میں ہونے کا خدشہ ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت مرکزی حکومت کوہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ایسا لگتا ہے جیسے گاندھی کا ہندوستان گوڈسے کے ہندوستان میں تبدیل ہو گیا ہے‘‘ ۔
انہوں نے کہا ’’ وہ ایک جمہوری حکومت نہیں چلا رہے ہیں ۔ وہ ایک استعماری ذہنیت والی حکومت چلا رہے ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر کوایک تجربہ گاہ بنایا ہے،جو وہاں ہو رہا ہے، وہ ہی ملک کے بقیہ حصوں میں جا رہا ہے۔ ہمیں بولنے کی بھی اجازت نہیں ہے ، یہاں تک کہ اگر ہم پرامن احتجاجی مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں گھروں میں نظر بند کر دیا جاتا ہے۔
محترمہ محبوبہ نے کہا ’’کہا جا رہا ہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد وہاں سب کچھ ٹھیک ہے، حالات بہتر نہیں ہوئے بلکہ پہلے سے بدتر ہو گئے ہیں‘‘۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں