تبلیغی جماعت امن اور خیر سگالی کا پیغام دیتی ہے
تبلیغی جماعت کے خلاف مملکت سعودیہ عربیہ کی وزارت شؤن اسلامیہ کا بیان پوری دنیاکے مسلمانوں کے لئے انتہائی تشویشناک
صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا ارشدمدنی کی سعودی عرب کے سفیر سے ملاقات
نئی دہلی: 14 دسمبر 2021: آج تبلیغی جماعت کے خلاف مملکت سعودیہ عربیہ کی وزارت شؤن اسلامیہ کے بیان کے پس منظر میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے ہندوستان میں سعودی سفیر محترم سعود محمد بن ساطی سے ملاقات کے دوران کہا کہ جماعت تبلیغ کے سلسلہ میں مملکت سعودیہ کی وزارت شؤن اسلامیہ کا بیان پورے عالم کے مسلمانوں کے لئے انتہائی تشویش کا سبب بن گیاہے، چونکہ جماعت تبلیغ دیوبند ی مکتب فکر کی جماعت ہے، اس لئے یہ امردارالعلوم دیوبند اور جمعیۃعلماء ہند کے لئے بھی تشویش کا باعث ہے۔ مملکت سعودیہ اپنے ملک کے اندرجماعت کے بارے میں کیا موقف اختیارکرتی ہے ہمیں اس سے کوئی بحث نہیں اورنہ ہم نے کبھی اس سلسلہ میں کوئی بات کی ہے، لیکن اس وقت وزارت شؤن اسلامیہ کی طرف سے جماعت تبلیغ پر جس طرح کی تہمت لگائی گئی ہے صرف جماعت تبلیغ ہی کے لئے نہیں بلکہ تمام مسلمانوں اورخاص طورپر دین اورمذہب سے وابستہ لوگوں کے لئے بہت تکلیف دہ ہے۔ہم نے یہ چاہا کہ ہم اپنی اس تکلیف اورجذبات کو مملکت سعودیہ کے سفیر محترم کے واسطہ سے وزیر شؤن اسلامیہ تک پہنچائیں اور ان کے اس بیان کے نتیجہ میں کیا مشکلات اور بدترین نتائج دین سے وابستہ مسلمانوں کو پہنچ سکتے ہیں ان سے باخبر کردیں، مجھے بڑی خوشی ہے کہ سفیرمحترم نے بڑے اچھے ماحول میں میرے خط کوپڑھا اور اس موضوع پر گفتگو کی اور اس سلسلہ میں مجھے بہترسے بہتر تعاون دینے کا انہوں نے مجھ سے وعدہ کیا ہے اوریہ بھی فرمایاہے کہ تم یہ سمجھ لوکہ یہ خط وزارت شؤن اسلامیہ تک پہنچ چکاہے وہاں سے مجھے یہ توقع ہے کہ تمہاری توقع کے مطابق جواب آئے گا۔میں محترم سفیر کا ان کے حسن واخلاق اور اچھے ماحول میں گفتگوکرنے پر بہت ممنون ومشکور ہوں اور مجھے یقین ہے کہ انشاء اللہ وہ ہمارے بہترین ترجمان ثابت ہوں گے اور ہماری اس گفتگو اورتحریر کے انشاء اللہ خاطرخواہ نتائج سامنے آئیں گے۔
فضل الرحمن قاسمی
پریس سیکریٹری جمعیۃعلماء ہند
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں