مختار انصاری کو مجلس اتحاد المسلیمن کی پیش کش ’یوپی میں جہاں سے چاہیں ٹکٹ لے لیں‘
بی ایس پی سربراہ مایاوتی کی جانب سے مختار انصاری کو ٹکٹ نہ دیئے جانے کے اعلان کے بعد اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے زور آور رکن اسمبلی کو کہیں سے بھی انتخاب لڑنے کی پیش کش کی ہے
قبل ازیں، مایاوتی نے کہا، ’’آئندہ یوپی اسمبلی انتخابات میں بی ایس پی کی کوشش ہوگی کہ کسی بھی زورآور یا مافیا وغیرہ کو پارٹی سے انتخابی میدان میں نہ اتارا جائے۔ اس کے پیش نظر مئو سیٹ سے مختار انصاری نہیں بلکہ یوپی کے بی ایس پی صدر راجبھر کو ٹکٹ دیا جائے گا۔‘‘
یوپی میں اسمبلی انتخابات سے پیش نظر اویسی پوری طرح سرگرم نظر آرہے ہیں۔ یوپی کی 100 سیٹوں پر امیدوار اتارنے کا اعلان کرنے والے اویسی اس مہینے کی 22، 25، 26 اور 30 تاریخ کو یوپی کے دورے پر رہے ہیں۔ اس دوران وہ سنبھل، الہ آباد، کانپور اور بہرائچ کا دورہ کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ایک اور زورآور لیڈر عتیق احمد کی بیوی شائستہ پروین اپنے کنبہ کے ساتھ اے آئی ایم آئی ایم میں شامل ہو چکی ہیں۔ گجرات واقع احمد آباد کی سابرمتی جیل میں بند عتیق احمد یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے نشانے پر رہے ہیں۔
حال ہی میں مختار انصاری کے بڑے بھائی صبغت اللہ انصاری نے اپنے بیٹے کے ساتھ سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ایسے حالات میں یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مختار انصاری بھی سماجوادی پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں