مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں جشن آزادی جوش و خروش سے منایا گیا . شہدائے مالیگاؤں سے منسوب اشوک استمبھ پر رسم پرچم کشائی نئی تاریخ رقم کر گئی
مالیگاؤں:(نامہ نگار ) مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں 75واں جشن آزادی جوش و خروش سے منایا گیا. مختلف مقامات پر ترنگا لہراتے ہوئے سلامی دی گئی. بیشتر اخبارات نے جشن آزادی کا حق ادا کرتے ہوئے خصوصی شماروں کی اشاعت کی. صبح کی اولین ساعتوں سے ہی جشن آزادی کی تیاریوں کا زور و شور رہا. عید گاہ گراونڈ پر ایڈیشنل کلکٹر دھنجئے نکم کے ہاتھوں پرچم کشائی کرتے ہوئے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اس موقع پر یہاں پرانت آفیسر وجئے آنند شرما, شہر اے ایس پی چندر کانت کھانڈوی, ڈی وائے ایس پی لتا دھونڈے کے علاوہ شہریان کی تعداد قابل دید رہی سیاسی جماعتوں کے علاوہ مذہبی و ملی تنظمیوں نے بھی آزادی کا جشن مناتے ہوئے نہ صرف ترنگا لہرایا بلکہ شیرینی بھی تقسیم کی. اس کے برعکس اسکولی طلبہ امسال بھی جشن آزادی کی مسرتوں اور شیرینی سے محروم رہے. مختلف علاقوں میں سواریوں پر ترنگا لہراتا نظر آیا . مالیگاؤں کے قلب میں موجود شہیدوں سے منسوب وہ یادگار جہاں کل تک ویرانی چھائی رہا کرتی تھی اسی مقام پر رکن بلدیہ مستقیم ڈگنیٹی کے ذریعے تعمیر شدہ اشوک استمبھ پر مستقیم ڈگنیٹی کے ہاتھوں پرچم کشائی کرنے کے بعد ان ہی کے ذریعے تعمیر کردہ سبیل آب (پانی پوئی) کا افتتاح شہزاد مونس کے ہاتھوں اور خاتون اپوزیشن لیڈر شان ہند نہال احمد کی زیر صدارت کیا گیا. اس موقع پر جنتا دل سیکولر کے ذمہ داران کا جوش و خروش دیکھنے لائق تھا. کیونکہ مذکورہ دونوں تعمیریں شہر کی خوب صورتی بڑھانے میں معاون ثابت ہورہی ہیں. اس موقع پر مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ نصف صدی قبل اس پانی پوئی کی تعمیر مرحوم ماسٹر عبدالعزیز بیچئی کی مرہون منت رہی تھی. انھوں نے خدمت خلق کے جذبوں کے تحت اس کی تعمیر کا فریضہ انجام دیا تھا ساتھ ہی گذشتہ پچاس سالوں سے انہی کے خاندان کے افراد یہاں کے نل کنکشن کا سالانہ ٹیکس ادا کرتے آئے ہیں. 24 گھنٹہ اس مقام سے قرب و جوار کے افراد پانی کا حصول کیا کرتے تھے چونکہ گردش زمانہ نے اس قدیم عمارت کو خستہ حال کردیا تھا اس لئے میں نے اپنی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے نہ صرف اس کی تعمیر نو کی بلکہ انہی کے خاندان کے فرد سے افتتاحی فریضہ انجام دیا. مذکورہ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شان ہند نے کہا کہ ماضی میں خدمت خلق کے جن جذبوں کے تحت یہ آب سبیل تعمیر کی گئی تھی انہی جذبوں کے تحت ہم نے بھی اس آب سبیل کی تعمیر نو کی ہے .کیونکہ ہم نے اپنے قائد ساتھی نہال احمد سے یہی سیکھا ہے کہ ہمیشہ اپنے دلوں کو خدمت خلق کے جذبوں سے سرشار رکھنا چاہیے. مذکورہ دونوں مقامات پر جنتا دل سیکولر کے ذمہ داران نے زبردست سجاوٹ کرتے ہوئے اپنی تعمیر پسند اختراعی ذہنیت کا ثبوت دیا تھا. اسی کے ساتھ ساتھ مالیگاؤں مجلس کے صدر دفتر دارالخیر پر بھی سابق صدر بلدیہ یونس عیسی کی سربراہی میں شمالی مہاراشٹر مجلس کے صدر ڈاکٹر خالد پرویز کے ہاتھوں پرچم کشائی کرتے ہوئے آزادی کا جشن منایا گیا. مختلف پارٹیوں کی بڑھتی ہوئی پیش قدمیوں کے درمیان موجودہ ایم ایل اے مفتی محمد اسماعیل قاسمی کی نئی آفس کا افتتاح کرتے ہوئے پرچم کشائی کرنے کے بعد عوامی خدمات جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا . عیاں رہے کہ مالیگاؤں عوامی پارٹی نے اپنا وعدہ پورا کیا شہیدوں کی یادگار پر شہیدوں کے نام کی تختی بھی لگائی اور جیل بھرو آندولن بھی کیا عوامی پارٹی کے ذمہ داران نے شہر کے چوک چوراہوں پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سات شہید زندہ آباد، آؤ چلیں نام لکھے، کارپوریشن مردہ باد جیسے فلگ شگاف نعرے لگاتے ہوئے شہیدوں کی یادگار پہنچے.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں