شہر میں کالرا کے مریض ہیں برسرِ اقتدار میئر کی بیان بازی جھوٹ فریب کا پلنده ہے!!!
ریموٹ کنٹرول میئر اپوزیشن کو نیچا دکھانے کے چَکّر میں شہریان کی زندگی سے نہ کھیلیں
پینے کے پانی میں بھی خرابی کو چُھپا کر کانگریسی کس کا بھلا کرنا چاہتے ہیں؟
کانگریس پارٹی جو مالیگاؤں کارپوریشن میں فرقہ پرست شیوسینا کے ساتھ اقتدار پر قابض ہے، شہریان کی صحت سے مسلسل کھلواڑ کرنے کی راہ پر ہے اور اپوزیشن کے ذریعے اس کی خامیوں کی نشاندہی کرنے پر بھی ہوش کے ناخن نہیں لے رہی ہے بلکہ اُلٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق اپنی خامی تسلیم کرنے کی بجائے مہا گٹھ بندھن آگھاڑی پر شہریوں کو گمراہ کرنے کا بے جا الزام عائد کر رہی ہے. ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی مئیر صاحبہ ہر معاملے میں ریموٹ کے اشارے کی منتظر رہتی ہیں.
دراصل بات یہ ہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل ہی مہا گٹھ بندھن آگھاڑی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شانِ ہند و رابطہ کار مستقیم ڈِگنیٹی نے کارپوریشن کو آگاہ کیا تھا کہ شہریان کو سپلائی کیا جانے والا پانی ٹھیک طرح سے فلٹر نہ ہونے کی وجہ سے پینے کے لائق نہیں ہے. اس کے جواز میں مہا گٹھ بندھن آگھاڑی کی جانب سے فلٹر پلانٹ میں آئی خامیوں کو بھی اجاگر کیا تھا. مگر اس سنگین مسئلے کو کارپوریشن انتظامیہ اور کانگریس برسراقتدار نے جان بوجھ کر نظر انداز کر دیا. کارپوریشن انتظامیہ نے خانہ پری کیلئے صرف ایک پریس نوٹ جاری کردیا. اس لاپرواہی کا نتیجہ یہ ہوا کہ خراب پانی کے چلتے شہر میں ڈائریا کا زور بڑھنے لگا. گذشتہ دنوں ہونے والی جنرل بورڈ میٹنگ میں مہا گٹھ بندھن آگھاڑی کی گٹ نیتا شانِ ہند نے یہ انکشاف کیا کہ شہر میں کالرا کے بھی مریض موجود ہیں مگر اقتدار پر براجمان کانگریسی عہدیداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی. کانگریسی اپنے جائز و ناجائز ترجمانوں کے ذریعے یہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ شہر میں کالرا کے مریض نہیں ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے. مہا گٹھ بندھن آگھاڑی کی جانب سے شانِ ہند و مستقیم ڈِگنیٹی نے کالرا کے مریضوں کی تصدیق شدہ رپورٹ ہیلتھ آفیسر کے روبرو پیش کی اور انہوں نے مانا بھی کہ کالرا کے مریض شہر میں موجود ہیں. مذکورہ مریضوں میں کالرا شدت کے ساتھ (eavy growth)پایا گیا مگر مئیر صاحبہ ہیں کہ ماننے کو تیار نہیں. جبکہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کی وارننگ ہے کہ جہاں کہیں کالرا کے مریض پائے جائیں اس علاقے میں سخت حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں. اس کے برعکس مئیر صاحبہ کارپوریشن افسران کے ساتھ بناوٹی دورے کر رہی ہیں. ان میں ہمت نہیں کہ وہ اپوزیشن کے سوالوں کے اطمینان بخش جواب دے سکیں. یہ آل پارٹیز میٹنگ بلا کر شہریان کی صحت سے متعلق مثبت صلاح مشورہ کرنے کا دَم خَم بھی نہیں رکھتیں. ریموٹ کنٹرول مئیر مہا گٹھ بندھن آگھاڑی کے خدشات کو عوامی طور پر ظاہر کرنے سے ڈرتی ہیں کیونکہ ایسا کرنے سے ان کا عوام دشمن چہرہ بے نقاب ہو جائے گا.
ہم کارپوریشن برسراقتدار اور انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں وہ شہریان کی صحت سے متعلق تمام حقائق عوام کے روبرو کرے اور پینے کے پانی کی خرابی فوراً دور کرے. بہتر طِبّی سہولیات کا نظم کرے اور اگر شہریان کی زندگی سے کھلواڑ کا سلسلہ بند نہ ہوا تو مہا گٹھ بندھن آگھاڑی عوامی مفاد میں سخت اقدام اٹھائے گی.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں