فلم "مالیگاؤں کے شعلے "کے
ٹھاکر اب اس دنیا میں نہیں
رہے!
حنیف حمدانی کے انتقال سے مالی ووڈ
سوگوار, جانئیے کس نے کیا کہا.
مالیگاؤں (خیال اثر)مالیگاؤں کی مشہور و معروف مقبول عام شخصیت محمد حنیف عبدالمجید المعروف حنیف حمدانی گزشتہ کل اپنے مالک حقیقی سے جا ملے. انتقال کے وقت ان کی عمر 64 سال تھی. مالی ووڈ جیسی فلم نگری میں منفرد و نمایاں حیثیت کے حامل زندہ دل فنکار حنیف حمدانی کا نام انتہائی معتبر تسلیم کیا جاتا رہا ہے لیکن مرضی مولا کہ ہر نفس کو ایک دن موت کا مزہ چکھنا ہے کہ مصداق آج حنیف حمدانی کے نام کے ہمراہ مرحوم کا لاحقہ چسپاں ہو گیا ہے.اس موقع پر اپنے تعزیتی کلمات پیش کرتے ہوئے شیخ ناصر نے کہا کہ مرحوم حنیف حمدانی انتہائی بذلہ سنج گل و گلزار طبیعت کے مالک اورباغ و بہار شخصیت کے حامل تھے .وہ جس محفل میں جاتے وہ محفل زعفران زار ہو جایا کرتی تھی. ان کی اداکاری کا حقیقی انداز دلوں میں گھر کر جایا کرتا تھا. مزاح ہو یا طربیہ و المیہ اداکاری میں انھیں ملکہ حاصل تھا.شفیق بچن نے کہا کہ مرحوم حنیف حمدانی روتے روتے ہنسا دینے کے فن سے خوب واقف تھے. ان کے انتقال کر جانے سے جہاں مالی ووڈ سوگوار ہے وہیں ان کے چاہنے والے بھی اداس ہو کر مدتوں رویا کریں گے جام و پیمانہ اسے کے مصداق برسہا برس تک ان کی خوبیوں اور فنکارانہ صلاحیتوں کے متعرف رہیں گے.حامد سبحانی نے کہا کہ مرحوم حنیف حمدانی کی زندگی جہد مسلسل سے عبارت تھی. مالیگاؤں کی اسماعیل بیڑی کو مقبولیت عطا کرنے میں ان کا منفرد انداز و بیان خاصا اثر و رسوخ رکھتا تھا. اسی طرح تن بدن ہے نور کا کپڑا ہے کوہ نور کا یہ ادائیگی سن کر لوگ کشاں کشاں کوہ نور کٹ پیس سینٹر کی جانب کھینچے چلے آتے تھے. اس طرح مالیگاؤں فلم نگری یعنی مالی ووڈ میں قدم رکھنے سے پہلے وہ ڈراموں میں بھی مختلف کردار ادا کیا کرتے تھے. سنگیت سے انھیں اچھا خاصا شغف حاصل تھا. رفیق جانی نے اشکبار آنکھوں سے کہا کہ بے شمار میوزیکل پروگراموں میں نظامت کے ساتھ ساتھ انھوں نے ساز و آواز کا جادو جگایا تھا تو ان کی منفرد اداکاری اور مکالموں کی ادائیگی نے بالی ووڈ کی فلموں میں بھی مختلف کردار ادا کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے .جس طرح ملٹی اسٹار فلم شعلے کے ٹھاکر کو شہرت نصیب ہوئی تھی بالکل اسی طرز پر مالی ووڈ کی فلم "مالیگاؤں کے شعلے " میں ٹھاکر کا لافانی کردار ادا کرنے والے حنیف حمدانی کو وہی شہرت حاصل ہوئی جو سجنیو کمار کے حصے میں آئی تھی. اداکارانہ صلاحتیوں سے مالا مال حنیف حمدانی جیسے فنکار صدیوں میں جنم لیتے ہیں اور جب جنم لیتے ہیں تو منشئہ شہود پر حنیف حمدانی بن کر جگمگا اٹھتے ہیں. مالیگاؤں کے کہنہ مشق فنکار آج دنیا بھلے ہی چھوڑ گئے ہوں لیکن دل سے بے ساختہ موسیقار اعظم نوشاد کا یہ شعر زبان پر آ جاتا ہے کہ
"ہیں دن بد مذاقی کے نوشاد لیکن
ابھی تیرے فن کے دوانے بہت ہیں "
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں