مالیگاؤں میں 8 روزہ پاور لوم بند کا دوسرا دن بخیر عافیت گزر گیا لیکن...... ؟
کارخانوں پر تالا بندی سے شہر کے تجارتی علاقوں میں سناٹا. مزدور لیڈر کی یاد آئی
مالیگاؤں (نامہ نگار) مالیگاؤں پاور لوم بند کا دوسرا دن انتہائی کشکمش بھرا گزرا. متعدد علاقوں میں سوتی اور پالیسٹر کپڑا تیار کرنے والے کارخانہ داروں کے درمیان حجت تکرار کے علاوہ کارخانوں میں بلیڈ مارنے کے واقعات بھی رونما ہوئے وہیں بے شمار کارخانوں میں تالا بندی کے دوران مزدوروں کے بیچ اب کیا ہوگا ؟جیسا سوال بھی ابھر کر سامنے آیا. تہواروں کی آمد کے پیش نظر بیشتر پاور لوم مزدوروں نے فکر مندی کا اظہار بھی کیا ہے کیونکہ لاک ڈاؤن کا طویل ترین دورانیہ تو انھوں نے جیسے تیسے کرکے بھگت لیا لیکن تہواروں کی آمد اور پاور لوم کارخانوں پر تالا بندی نے انھیں سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ کیا حالیہ خسارہ صرف اور صرف کارخانوں داروں کے لئے ہی ہے. مزدوروں کے روز مرہ خرچ کی بھرپائی کیسے اور کیونکر ہو سکتی ہے ایسے ہی نامساعد حالات میں کمیونسٹ پارٹی کے کامریڈ مرتضی انصاری نے پاور لوم کارخانوں داروں سے گزارش کی ہے کہ وہ بند کے دوران اپنے یہاں کام کرنے والے مزدوروں کا بھی خیال رکھیں تاکہ ان کے در پیش مسائل خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں ورنہ اگر پاور لوم مزدوروں کے مالی نقصان کی تلافی نہ ہونے پائی تو مزدور پیشہ افراد بغاوت پر آمادہ ہو جائیں گے. انتہائی گوں مگوں کی حالت میں مہاراشٹر نونرمان سینا رمضان پورہ کے بلاک صدر اقلیم انصاری آنے والے دنوں میں لیبر آفیسر اور ریاستی حکومت تک پہنچتے ہوئے پاور لوم مزدوروں کی شکایتوں کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے.انھوں نے کہا ہے کہ وہ پاور لوم مزدوروں کو لے کر منسے اسٹائل میں تحریک چھیڑنے کی کوشش کریں گے. عیاں رہے کہ شہر کی بنکر برادری بھی ہمیشہ ہی اپنے مالی خسارے کی بھرپائی اور جمع شدہ پونجی کو محفوظ رکھنے کے لئے مزدور پیشہ افراد کے حقوق کو بالائے طاق رکھ کر اپنے کارخانے بند کردیتی ہے. آج پاور لوم مزدوروں میں یہ جذبہ پروان چڑھتا جارہا ہے کہ بنکر برادری صرف اور صرف اپنا نفع نقصان دیکھتی ہے. پاور لوم مزدوروں کے مالی فوائد کو ہمیشہ نظر انداز کرکے ان کا استحصال کیا جاتا ہے. مالیگاؤں کے مزدور پیشہ افراد کو آج مزدور لیڈر مرحوم ساتھی نہال احمد اور کامریڈ منشی, سرفراز افسر جیسے بےباک لیڈران کی یاد آرہی ہے کہ اگر وہ آج حیات ہوتے تو ایسے نامساعد حالات ان پر زبردستی نہیں لادے جا سکتے تھے. آج مالیگاؤں پاور لوم بند کا دوسرا دن تو امن و سکون سے گزر گیا لیکن ہو سکتا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس بند کو لے کر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ جائے. اس لئے باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے ایسا کوئی درمیانی راستہ اختیار کیا جائے کہ کوئی ان دیکھی مصیبت اور نیا ہنگامہ نہ کھڑا ہو جائے. بازاروں کا سناٹا مرد و زن پزمردہ چہرہ اور شرارت سے عاری معصوم بچپن آنے والے دنوں کی درپیش مشکلات کا احاطہ کرتا ہوا نظر آرہا ہے.


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں